منگلورو، 27 / جون (ایس او نیوز) کل رات روزیریو چرچ کے پاس پیش آئے ایک المناک حادثے میں دو ڈرائیور اس وقت اپنی جان گنوا بیٹھے جب وہ بھاری برسات کے دوران ٹوٹ کر گرے ہوئے بجلی کے تار کی زد میں آ گئے ۔
الیکٹرک شاک کی وجہ سے ہلاک ہونے والے رکشہ ڈرائیوروں کے نام دیوراج گوڑا (46 سال) اور راجو پالیا (50 سال) بتائے گئے ہیں جو ہاسن کے رہنے والے تھے مگر شہر کے روزیریو چرچ کے قریب کرایے کے گھر میں مقیم تھے ۔
بتایا جاتا ہے کہ بدھ کی رات 9 بجے کے قریب تیز برسات کے دوران قریبی الیکٹرک پول سے ایک تار ٹوٹ کر زمین پر گر گیا ۔ راجو اپنے کمرے سے باہر نکلا تو وہ زمین پر گرے ہوئے بجلی کے تار کی زد میں آ گیا ۔ الیکٹرک شاک کی وجہ سے وہ چیخ پڑا تو دیوراج نے ایک ٹاٹ کی بوری کے سہارے اپنے دوست راجو کو بچانے کی کوشش کی ۔ بدقسمتی سے چونکہ بارش ہو رہی تھی اور اس کا بدن بھی گیلا تھا، اس لئے اسے بھی الیکٹرک شاک لگا اور دونوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا ۔
افسوس ناک بات یہ ہے کہ بھاری برسات کی وجہ سے صبح تک کسی کو بھی واقعے کی خبر نہیں ہو سکی اور رات بھر دونوں یونہی مردہ حالت میں پڑے رہے۔ راجو کے بھائی کی شکایت پر پولیس نے کیس درج کر لیا ہے ۔ مزید تحقیقات جاری ہے ۔